Breaking

31 Oct 2017

باجوڑ ایجنسی: انسداد پولیو ٹیم پر حملہ، 3 لیویز اہلکار زخمی


پشاور: وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقے (فاٹا) کی باجوڑ ایجنسی کی تحصیل خار میں انسداد پولیو ٹیم کے قریب ہونے والے بم دھماکے کے نتیجے میں 3 لیویز اہلکار زخمی ہوگئے۔
پولیٹیکل انتظامیہ کے مطابق تحصیل خار میں ہونے والے بم دھماکے میں پولیو ٹیم کو نشانہ بنایا گیا تھا جس کی زد میں آکر ٹیم کی سیکیورٹی پر مامور 3 لیویز اہلکار زخمی ہوگئے۔
انہوں نے بتایا کہ دھماکا خیز مواد سڑک کے کنارے نصب کیا گیا تھا جبکہ پولیو کی ٹیم حملے میں محفوظ رہی۔
انتظامیہ کا مزید کہنا تھا کہ پولیو ٹیم صوبے میں جاری انسداد پولیو مہم کے سلسلے میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے میں مصروف تھی۔
واقعے میں زخمی ہونے والے متاثرین کو علاج کے لیے باجوڑ ایجنسی کے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا گیا۔
گذشتہ روز پاکستان کے قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی چیک پوسٹ کے قریب دھماکے کے نتیجے میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کا ایک جوان شہید ہوگیا تھا۔
اس سے قبل خیبر ایجنسی میں افغانستان کے سرحدی علاقے سے دہشت گردوں نے امن لشکر کے مورچوں پر فائرنگ کی تھی تاہم رضاکاروں کی جوابی کارروائی میں 2 حملہ آوروں کے ہلاک ہوگئے تھے۔
یاد رہے کہ خیبر ایجنسی افغان سرحد کے ساتھ پاکستان کے قبائلی علاقے میں وفاق کے زیر انتظام علاقوں میں سے ایک ہے۔
پاک افغان سرحد پر ان قبائلی علاقوں میں فوج متعدد آپریشنز کر چکی ہے جس کے بعد یہاں سیکیورٹی صورتحال بہتر کرنے کا دعویٰ کیا جاتا ہے۔
خیبر ایجنسی میں گذشتہ 2 برس میں 2 آپریشن خیبر-ون اور خیبر-ٹو کیے گئے جبکہ شمالی وزیر ستان میں جون 2014 سے آپریشن ضرب عضب جاری ہے۔

No comments:

Post a Comment

Adbox