کراچی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ فوج پاکستان کا قومی ادارہ ہے اور جس میں کسی بھی مذہب سے تعلق رکھنے والے شمولیت اختیار کرسکتے ہیں۔
Photo Courtesy Dawn.com |
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق میجر جنرل آصف غفور نے گذشتہ روز ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ فوج میں خاص مسلک کے لوگوں کی بھرتیوں کی پابندی نہیں، پاک فوج میں عسیائی، ہندو اور سکھ بھی موجود ہیں۔
انہوں نے قومی اسمبلی میں کی جانے والی تقریر کے حوالے سے کہا کہ ’ہم نے کیپٹن (ر) محمد صفدر کی جانب سے پیش کیے جانے والے مطالبے کے بارے میں سنا ہے‘۔
مجیر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ ’مجھے یہ بتانیں دیں کہ پاک فوج قومی ادارہ ہے، یہ بات درست نہیں کہ کیونکہ یہ ایک مسلم اکثریتی ملک ہے اس لیے پاک فوج میں صرف مسلمان ہی شمولیت اختیار کرسکتے ہیں، ہم فخر سے کہہ سکتے ہیں کہ آرمی ایک ایسا ادارہ ہے جو قومی یکجہتی کی بہترین مثال ہے‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ’جب ہم وردی پہنتے ہیں تو مذہب، صوبے اور قبیلے کے بغیر ہم صرف پاکستانی سپاہی ہوتے ہیں‘۔
جب ان سے قومی اسمبلی میں کیپٹن (ر) محمد صفدر کی جانب سے سیکیورٹی اداروں میں احمدیوں کی بھرتی پر پابندی کے حوالے سے قانون سازی کے لیے پیش کی جانے والی قرار داد کے حوالے سے سوال پوچھا گیا تو ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ’آرمی میں بھرتی ہونے والا ہر مسلمان افسر یہ سرٹیفکیٹ پیش کرتا ہے، جس میں وہ اعلان کرتا ہے کہ وہ احمدی نہیں ہے اور ختم نبوت پر ایمان رکھتا ہے‘۔
میجر جنرل آصف ٖغفور نے کہا کہ کیپٹن (ر) محمد صفدر شاید یہ بھول گئے ہیں کہ انہوں نے بھی فوج میں بھرتی کے وقت ایسا ہی حلف نامہ جمع کرایا تھا۔
ملکی معیشت کو بہتر کرنے کے لیے آرمی چیف کی تجاویز
میجر جنرل آصف غفور نے نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی معیشت اگر بری نہیں تو اچھی بھی نہیں ہے ضرورت اس بات کی ہے کہ مل بیٹھ کر معیشت پر بات چیت کی جائے جبکہ آرمی چیف نے اس حوالے سے تجاویز بھی دی ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق ملک کی سیکیورٹی اور معیشت کا گہرا تعلق ہے اور ملک کے حالات ٹھیک نہ ہونے پر معیشت متاثر ہوتی ہے جبکہ پاک فوج ملک کے سیکیورٹی معاملات کو دیکھ رہی ہے۔
پاک فوج کے آپریشن میں 5 غیر ملکی بازیاب
ڈی جی آئی ایس پی آر نے انٹرویو کے دوران تصدیق کی کہ پاک فوج نے پانچ غیر ملکیوں کو بازیاب کرایا ہے جنہیں دہشت گردوں نے براستہ کرم ایجنسی افغانستان سے پاکستان منتقل کیا تھا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ پاکستانی فورسز نے خفیہ اطلاع پر کامیاب آپریشن کیا،’ گزشتہ شام امریکا نے ہمارے ساتھ انٹیلی جنس شیئرنگ کی تھی اور اگر ایسی ہی انٹیلی جنس شیئرنگ آئندہ بھی کی جاتی رہی تو دہشت گردی کا جلد خاتمہ ہوگا‘۔
میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے جن پانچ غیر ملکیوں کو بازیاب کرایا ان میں ایک کینیڈین شہری ان کی اہلیہ اور تین بچے شامل ہیں، جنہیں افغان دہشت گردوں نے 2012 میں اغوا کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اپنے ملک میں جو کرنا تھا کیا اور اس آپریشن کا امریکیوں نے بھی اعتراف کیا ہے۔
No comments:
Post a Comment