Breaking

11 Nov 2017

’ٹائیگر زندہ ہے‘: ٹریلر ریویو

سلمان خان کی ’ٹیوب لائٹ‘ فیوز ہوئی کوئی بات نہیں کیونکہ سلمان کی بطور ’ٹائیگر‘ صرف جھلک دیکھنے کے بعد دبنگ خان کے دیوانوں نے سیٹیاں اور تالیاں بجا بجا کرشور مچادیا ہے، ابھی تو فلم ریلیز ہونا باقی ہے دیکھتے ہیں ٹائیگر باکس آفس پر کیا دھوم مچائے گا۔
بالی وڈ کا ٹائیگر تھا نہیں ہے اور زندہ ہے اور پہلے سے زیادہ چالاک، پہلے سے زیادہ طاقتور اور پہلے سے زیادہ خطرناک۔
سلمان خان اور کترینا کیف کی ”ٹائیگر زندہ ہے“ کے ٹریلر نے دھوم مچادی ،یہ ٹریلر پہلے ہی دن ایک کروڑ سے زائد بار دیکھ لیا گیا ہے، اس فلم کے ٹریلر کو سلمان خان کے مقبول ترین فلمی ٹریلر بننے کیلئے زیادہ مشکل نہیں ہوگی کیونکہ سلمان خان کا یو ٹیوب پر سب سے مقبول فلمی ٹریلر ’سلطان‘ کا ہے جس کو اب تک قریباََ 4 کروڑ بار دیکھا جاچکا ہے۔
’ٹائیگر زندہ ہے‘ سلمان خان کی 2012 میں ریلیز ہونے والی ایکشن تھرلر اور رومانٹک فلم ’ایک تھا ٹائیگر‘ کا ’سیکوئل‘ ہے، یعنی اب 5 سال بعد ٹائیگر آرہا ہے اور اسکرین پر بہت سارا ایکشن لارہا ہے۔
’ایک تھا ٹائیگر‘ دو ممالک کی خفیہ ایجنسیوں کے خفیہ ایجنٹ کے درمیان رومانس کی کہانی تھی۔
’ٹائیگر زندہ ہے‘ کے ٹریلر میں بھی سلمان خان کو’ایجنٹ‘ کترینا کو ’اسپائی‘ یعنی جاسوس بتایا گیا ہے، دونوں ممالک کے ایجنٹ اور اسپائی اس بار مِل کر عراق میں انسانیت کیلئے امن کیلئے اپنا مشن مکمل کرنے کی کوشش کریں گے۔
’ایک تھا ٹائیگر‘ کی ریلیز سے پہلے ’موشن پکچرز‘ پھر ’ٹیزر‘ اور پھر ٹریلر ریلیز کیا گیا تھا، یہاں ’ٹائیگر زندہ ہے‘ نے سیدھا ٹریلر سے ’انٹری‘ ماری ہے۔
فلم کی کہانی میں وہی جنگ ہے جو اچھائی اور برائی، نیکی اور بدی، اندھیرے اور اجالے کے درمیان ہوتی ہے۔
فلم عراق کے پس منظر میں بنی ہے جہاں عالمی دہشت گرد تنظیم نرسوں سے بھری بس کو اغوا کرکے یرغمال بنالیتی ہے اور پھر اس مشن کیلئے کسی اور کی نہیں ’ٹائیگر‘ کو یاد کیا جاتا ہے وہی ٹائیگر جو اپنی زویا کی محبت کی وجہ سے فائلوں کے ریکارڈ میں مرچکا ہوتا ہے۔
فلم کے ٹریلر میں ولن کی زوردار انٹری ہے پھر بہت سارا ایکشن وہ ایکشن جو سلمان کے دیوانے دیکھنے کو ترس گئے تھے کیونکہ سلمان کی ’ٹیوب لائٹ‘، ’سلطان‘ اور ’بجرنگی بھائی جان‘ میں ایکشن نہ ہونے کے برابر تھا اور ’کِک‘ اور ’دبنگ2‘ میں کامیڈی کا تڑکہ زیادہ تھا۔
لیکن اس بار جو ہتھیار، اسٹنٹ اور ٹشن سلمان نے ’ٹائیگر زندہ ہے‘ کے ٹریلر میں دکھائے ہیں وہ تو پانچ سال پہلے ’ایک تھا ٹائیگر‘ میں بھی نہیں تھے۔
’ایک تھا ٹائیگر‘ سلمان خان کی پہلی مکمل ہالی وڈ اسٹائل کی ایکشن فلم بھی تھی، اس سے پہلے ’دبنگ‘، ’باڈی گارڈ‘ اور ’وانٹڈ‘ میں زبردست ایکشن تھا لیکن خالصتاََ دیسی اسٹائل کا اور بہت ساری کامیڈی کے ساتھ۔
’ایک تھا ٹائیگر‘ میں بھی کامیڈی اچھی خاصی تھی لیکن ایکشن سے بھی زیادہ رومانس تھا، سلمان اور کترینا کا جوڑا جتنا پہلی والی ٹائیگر میں لگا اتنا اچھا اس بار لگنا مشکل ہی نہیں تقریبا ناممکن ہوگا۔
اس بار والی ٹائیگر میں رومانس بھی کم ہوگا اور کامیڈی بھی کیونکہ مشن بڑا ہے اور دونوں اب محبت کرنے والا جوڑا نہیں بلکہ ایک مکمل خاندان ہیں۔
’ایک تھا ٹائیگر‘ سلمان خان کی یش راج بینر کے ساتھ پہلی فلم بھی تھی، اس فلم کیلئے بھی ڈائریکٹر کبیر خان نے پہلے یش راج کے اس وقت کے لاڈلے شاہ رخ خان سے بات کی تھی لیکن شاہ رخ خان نے مصروف ہونے کی وجہ سے فلم چھوڑ دی تھی اور اچھا ہوا چھوڑ دی کیونکہ جس طرح سلمان خان کئی سال پہلے’بازی گر‘ اور بعد میں ’چک دے‘ میں وہ جان نہیں ڈال سکتے تھے جو شاہ رخ نے ان دونوں کرداروں میں ڈالی تھی اسی طرح ٹائیگر کا کردار بھی لگتا ہے بنا ہی سلمان خان کیلئے تھا۔
یاد رہے ’بازی گر‘ اور ’چک دے‘ وہ فلمیں ہیں جو سلمان خان نے چھوڑی اور شاہ رخ خان نے پکڑی تھیں۔
’ایک تھا ٹائیگر‘کی طرح ’ٹائیگر زندہ ہے‘ کے ڈائریکٹر کبیر خان نہیں ہیں،کبیر خان نے ’ایک تھا ٹائیگر‘ کے بعد سلمان خان کے ساتھ ’بجرنگی بھائی جان‘ جیسی بلاک بسٹر اور ’ٹیوب لائٹ‘ جیسی فلاپ فلم بنائی۔
کبیر خان کی ایک اور فلم ’فینٹم‘ بھی بری طرح ناکام ہوئی تھی اس فلم میں کترینا اور سیف علی خان نے مرکزی کردار ادا کیے تھے۔ اس فلم کے ہدایتکار سلمان کو ’سلطان‘ بنانے والے ’علی عباس ظفر‘ ہیں۔
علی عباس ظفر ’سلطان‘ سے پہلے ایکشن فلم ’غنڈے‘ اور رومانٹک کامیڈی’میرے برادر کی دلہن‘ جیسی ہٹ فلمیں بھی ڈائریکٹ کرچکے ہیں ، علی عباس ظفر ویسے تو یش راج کی ’نرسری‘ سے نکلنے والے نوجوان ڈائریکٹر ہیں لیکن بہت کم لوگ یہ بات جانتے ہیں کہ علی عباس ظفر نے اپنا کیریئر سلمان خان کی 2007 میں بننے والی ہالی وڈ وینچر’میری گولڈ‘ سے بطور اسسٹنٹ ڈائریکٹر آغاز کیا تھا۔
یہ وہ وقت تھا جب سلمان خان کا کیریئر گراف مسلسل نیچے کی طرف جارہا تھا  اور ایک ’پارٹنر‘ کو چھوڑ کر سلمان کی اس وقت دو سالوں میں’جان من‘ اور ’کیونکہ‘ سمیت چھ بڑی فلمیں فلاپ ہوئیں تھیں۔
’ایک تھا ٹائیگر‘ سلمان اور کترینا کی بطور جوڑی پہلی کامیاب فلم تھی اس سے پہلے دونوں کاجوڑا ‘یوراج‘ میں بری طرح ناکام ہوا تھا اور ہٹ فلموں ’میں نے پیار کیوں کیا‘ میں کترینا سہیل خان کی اور ’پارٹنر‘ میں گوندا کی جوڑی دار بنی تھیں۔
ٹائیگر زندہ ہے میں سلمان کا اسٹائل بھی خوب دِکھے گا، جیکٹس، ٹی شرٹس ، سوٹ، جینز، جوتے، کلہاڑی، مشین گن، عربی رومال، ہیٹس کیپ اور ہیملٹس بھی ہوں گے اور گھوڑے، بائیکس، جیپس اور ہیلی کاپٹر والے اسٹنٹ بھی۔
سلمان کی ’بجرنگی‘، ’سلطان‘ اور ’ٹیوب لائٹ‘ تینوں میں سلمان خان کا رول ٹشن اور اسٹائل دکھانے والا نہیں تھا اس بار تو بھرم ہی بھرم ہیں جو کہیں بھی نرم نہیں نظر آرہے۔
’ٹائیگر زند ہ ہے‘ سلمان اور یش راج بینر کی ایک ساتھ تیسری فلم ہے اس سے پہلے دونوں کی ’ایک تھا ٹائیگر‘ اور ’سلطان‘ ریلیز ہوئیں تھی اور سپر ہٹ رہی تھیں۔
ٹائیگر کیلئے ایک مشن باکس آفس پر بھی ہوگا جہاں اسے اپنے دیس میں کم از کم تین سو کروڑ اور دنیا بھر میں 600 کروڑ کا چھکا لگانا ہوگا، یہ فلم سلمان خان کی پہلی چار سو کروڑ کمانے والی فلم بھی بن سکتی ہے۔
سلمان کی یہ فلم 100 کروڑ کی کمائی پر فلاپ، 200 کروڑ کے بزنس پر ایورج اور تین سو کروڑ کے چھکے کے بعد سپر ہٹ یا بلاک بسٹر کہلائی گی۔
سب جانتے ہیں سلمان خان سو کروڑ کے ’سلطان‘ ہیں اور ان کی پچھلی مسلسل 12 فلمیں سو کروڑ کی کمائی کرچکی ہیں  جن میں سب سے آگے ’بجرنگی بھائی جان‘ ہے جس نے دنیا بھر میں 626 کروڑ کی کمائی کی تھی۔
فلم کی میوزک وشال اینڈ شیکھر نے دی ہے جو اس سے پہلے سلمان خان کی ’سلطان‘ کیلئے بھی ہٹ میوزک دے چکے ہیں، فلم کی شوٹنگ ٹائیگر کے دیس کے علاوہ مراکش، یو اے ای اور آسٹریا سمیت یورپ کے مختلف ممالک میں کی گئی ہے جب کہ فلم کا بجٹ یقینا 100 کروڑ سے زیادہ ہوگا۔
فلم کے ٹریلر کے مکالمے بھی زوردار ہیں جیسے ’شکار تو سب کرتے ہیں لیکن ٹائیگر سے بہتر شکار کوئی نہیں کرتا‘ اور ’ٹائیگر دم ہے تو روک لے‘ زبردست ہیں لیکن ان دونوں سے زیادہ زوردار، جاندار،دھواں دار اور دم دار ڈائیلاگز ہم سب یہاں اسلام آباد میں روز سیاسی حریف چوہدریوں اور لیڈرز سے سنتے ہیں۔
نوٹ :
1۔۔ ہر فلم بنانے والا، اُس فلم میں کام کرنے والا، اُس فلم کیلئے کام کرنے والا فلم پر باتیں بنانے والے یا لکھنے والے سے بہت بہتر ہے ۔
3۔۔ فلم یا ٹریلر کا ریویو صرف ایک فرد واحد کا تجزیہ ہوتا ہے، جو کسی بھی زاویے سے غلط یا صحیح اور آپ یا اکثریت کی رائے سے مختلف بھی۔
4۔۔ غلطیاں ہم سے ،آپ سے ،فلم بنانے والے سمیت سب سے ہوسکتی ہیں اور ہوتی ہیں۔ آپ بھی کوئی غلطی دیکھیں تو نشاندہی ضرور کریں۔
5۔۔ فلم کے ٹریلر اور فلم میں بہت فرق ہوتا ہے، فلم کے ٹریلر کو دیکھ کر فلم کی کہانی لگانے کے بتانے کے اندازے زیادہ تر غلط ثابت ہوتے ہیں۔
اپنی رائے کا اظہار کرتے جائیں

No comments:

Post a Comment

Adbox