Breaking

2 Nov 2017

’رئیس‘ کے بعد ماہرہ نے ’ورنہ‘ کا انتخاب کیوں کیا؟

پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان اور اداکار ہارون شاہد اپنی جلد ریلیز ہونے والی فلم ’ورنہ‘ کی پروموشنز زور و شور سے کررہے ہیں۔
اس ہی حوالے سے وہ ڈان کے مارننگ شو چائے ٹوسٹ اور ہوسٹ کے مہمان بنے، جہاں انہوں نے شو کی میزبان انوشے اشرف سے خوب گپ شپ کی۔
اس دوران ماہرہ خان نے انکشاف کیا کہ وہ اپنی بولی وڈ ڈیبیو فلم ’رئیس‘ کے بعد کسی کامیڈی فلم میں جلوہ گر ہونا چاہتی تھی، تاہم ایسا نہیں ہوا۔
ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ ’میں نے اپنے کیریئر میں جتنی بھی فلمیں کی اس کے کردار کافی مضبوط تھے، تاہم رئیس جیسی سنجیدہ فلم کے بعد میں ایک کامیڈی فلم میں کام کرنا چاہتی تھی، تاہم مجھے اس وقت شعیب منصورنے ورنہ کی آفر کردی‘۔



اداکارہ نے مزید بتایا کہ ’جب میں نے فلم ورنہ کا اسکرپٹ پڑھا اور اپنا کردار پڑھا تو مجھے ایسا محسوس ہوا کہ مجھے یہ کردار ضرور کرنا چاہیے، میرا کردار اتنا مضبوط ہے کہ میں اس فلم میں کام کرنے کی حامی دینے سے خود کو روک نہیں پائی‘۔
تاہم ماہرہ خان نے بتایا کہ وہ فلم ’ورنہ‘ کے بعد ایک کامیڈی فلم میں کام کرتی نظر آئیں گی۔



ماہرہ خان کی یہ کامیڈی فلم ڈان میڈیا گروپ کی پروڈکشن کمپنی ڈان فلمز کے بینر تلے بنائی جارہی ہے، جس کا نام ’سات دن محبت ان‘ رکھا گیا ہے۔



اس فلم میں ماہرہ خان کے ہمراہ اداکار شہریار منور کام کرتے نظر آئیں گے۔
ماہرہ خان کی فلم ’ورنہ‘ رواں سال 17 نومبر کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

No comments:

Post a Comment

Adbox